سندھ میں امن و امان کی صورتحال پر آئی جی سندھ کے زیر صدارت اہم اجلاس میں بڑے فیصلے
کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ ہوٹل آئی سوفٹ ویئر میں ہر مسافر کے اندراج کو یقینی بنانے کے لیے ہوٹل مالکان کو پابند کیا جائے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024 میں رکھے جانے والے جدید آلات کی خصوصیات اور استعمال پر افسران سے رائے طلب کی گئی۔
اس موقع پر غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز ہوٹلوں، مسافر خانوں اور عارضی قیام گاہوں میں ہوٹل آئی کے استعمال کو یقینی بنائیں، غیرقانونی عارضی قیام گاہیں چلانے والوں کے خلاف متعلقہ محکمہ کو قانونی کارروائی کرنے سے متعلق آگاہ کیا جائے۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے جاری ایکشن میں مذید تیزی لائیں، ملزمان کے شناختی کارڈ کا اندراج ای وی ایس، ہوٹل آئی، تلاش ایپ اور دیگر ایپس میں یقینی بنایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ دفاعی نمائش میں رکھے گئے جدید آلات کی فہرست کو باہم مشاورت ترتیب دیا جائے، آلات کی خصوصیات، کارکردگی اور خریداری کے حوالے سے متعلقہ ادارے سے جلد رابطہ کیا جائے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے اور شہروں میں امن و امان کے قیام کے مدنظر جدید آلات کی خریداری سے متعلق سفارشات مرتب کی جائیں، جائے حادثہ کا تحفظ متعلقہ ضلعی پولیس اور شواہد کا تحفظ کرائم سین یونٹ کی ذمہ داری ہے۔