لبنان میں جنگ بندی اسرائیل کی بدترین شکست ہے، جنرل سلامی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے لبنان میں جنگ بندی کو صہیونی حکومت کی اسٹریٹیجک شکست قرار دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میجر جنرل حسین سلامی نے لبنان اور صہیونی حکومت کے درمیان جنگ بندی پر حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
جنرل سلامی کا کہنا تھا کہ لبنان میں جنگ بندی سے غزہ کی جنگ بھی ختم ہوسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ جنگ بندی صہیونی حکومت کے لئے اسٹریٹیجک اور ہزیمت آمیز شکست ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ عظیم کامیابی شہداء کے پاکیزہ خون، لبنانی عوام کے صبر اور مجاہدین کی شجاعت اور جانثاری کی مرہون منت ہے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ حزب اللہ نے بہادری کے ساتھ مقاومت کرکے جنوبی لبنان میں صہیونی حکومت کی ناک کو زمین پر رگڑ دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ جنگ بندی غزہ جنگ کے خاتمے کا مقدمہ بن سکتی ہے، غاصب صہیونی حکومت جنوبی لبنان میں پوری طرح طاقت استعمال کرنے کے باوجود اپنے اہداف کے نزدیک بھی نہ پہنچ سکی۔