2024 میں فلسطین کو کن ممالک نے تسلیم کیا؟
غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے دوران 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 44,382 فلسطینی مارے اور 105,142 زخمی ہو چکے ہیں۔
ایک طرف جہاں غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری تھی، وہاں دوسری طرف رد عمل میں سال 2024 کے دوران متعدد ممالک نے فسلطین کو بہ طور ریاست تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
الجزیرہ کے مطابق رواں برس غزہ پر اسرائیل کی جاری جارحیت کے درمیان 9 ممالک – آرمینیا، سلووینیا، آئرلینڈ، ناروے، اسپین، بہاماس، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، جمیکا اور بارباڈوس – نے فلسطین کی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا، جس سے فلسطین کے لیے بڑھتی ہوئی بین الاقوامی حمایت کی عکاسی ہوتی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ ریاست فلسطین کو اب 146 ممالک نے ایک خودمختار ملک کے طور پر تسلیم کر لیا ہے، ان ممالک میں اقوام متحدہ کے 75 فی صد رکن ممالک شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل غزہ کو تین ذیلی حصوں میں تقسیم کر رہا ہے تاکہ اس پٹی کو بتدریج اسرائیلی خودمختاری سے جوڑنا شروع کر دیا جائے، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا منصوبہ ہے کہ جنگ کے بعد کے عرصے میں آباد کاری کی سرگرمیوں کو تیز کرے اور شمالی غزہ کی پٹی کا اسرائیل کے ساتھ الحاق کرے۔