نیرج، ہیمانی کی شادی ’لوو پلس ارینج‘، دونوں کی پہلی ملاقات کہاں ہوئی؟
بھارتی اسٹار ایتھلیٹ نیرج چوپڑا اور ان کی نئی نویلی دلہن ہمانی کی کہاں ملاقات ہوئی، جیولین تھرور کے چچا نے سارا سچ آشکار کردیا۔
نیرج چوپڑا کے چچا سریندر چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے جیولین تھرور کی ہمانی سے امریکا میں ملاقات ہوئی تھی۔ اس کے بعد نیرج نے اپنے خاندان سے اجازت طلب کی، جب انھیں اجازت مل گئی تو نیرج نے ہمانی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
سریندر چوپڑا نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ نیرج اور ہمانی دونوں ایتھلیٹ ہیں، وہ ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ وہ ایک دوسرے سے امریکا میں ملے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیرج کو اچھی طرح معلوم تھا کہ وہ کس کے ساتھ اپنی زندگی گزارنا چاہتا ہے، اس کے بعد اس نے اپنے خاندان سے اجازت طلب کی اور ایک بار جب یہ سب طے ہو گیا تو ہمانی سے ان کی شادی ہوگئی۔
نیرج کے چچا نے مزید کہا کہ یہ ایک محبت کے ساتھ ساتھ ارینج میرج بھی ہے، نیرج اور ہمانی نے اپنے والدین سے اجازت لی، اور پھر وہ اس کے ساتھ آگے بڑھے۔
نیرج چوپڑا کے چچا نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے 14 سے 16 جنوری تک ہماچل پردیش میں شادی کی تین روزہ تقریبات کا اہتمام کیا تھا۔ یہاں تک کہ ‘پنڈت’ جس نے شادی کی ذمہ داری انجام دی وہ بھی نیرج چوپڑا کی شناخت سے لاعلم تھے۔