میرا دل گواہی دیتا ہے مقبوضہ کشمیر ضرور آزاد ہوگا، وزیر اعظم
مظفر آباد: وزیر اعطم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر ضرور آزاد ہوگا، کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رہے گی۔
بھمبر میں دانش اسکول کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دانش اسکولوں کا قیام میرے لیے خوشی کا مقام ہے، دانش اسکول کی بنیاد نواز شریف کی سربراہی میں پنجاب میں رکھی، اگر یہ اسکول وجود میں نہیں آتے تو قابل بچے اور بچیاں تعلیم حاصل نہ کر پاتے، اس کے ذریعے اللہ نے ہمیں خدمت کا موقع دیا۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کے راجوری ضلع میں 16 پراسرار اموات کا معمہ
شہباز شریف نے کہا کہ ہزاروں بچے اور بچیاں دانش اسکول سے پڑھ کر انجینئرز اور ڈاکٹرز بن گئے ہیں، اسکول وجود میں نہ آتے تو قابل بچے بچیاں دیہات کی گلیوں کی دھول میں گم ہو جاتے، آج ہمیں ادراک کرنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعلیم کیلیے کیا ہو رہا ہے، مقبوضہ وادی نہتے کشمیریوں کے خون سے سرخ ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دانش اسکول کا مقصد مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی ہے، بھمبھر آزاد کشمیر میں دانش اسکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل ہوگی، پونچھ اور نیلم میں بھی دانش اسکول کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جی بی اور بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں بھی یہ تعلیمی ادارے بنانے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں ظلم اور بربیت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، پاکستان مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کو حق ملنے تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا، کشمیر کے ساتھ پاکستان کی کمٹمنٹ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی، میرا دل گواہی دیتا ہے مقبوضہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا اور انہیں اپنے حقوق ملیں گے۔