ہم چیمپئنز ٹرافی وانکھیڑے اسٹیڈیم میں لائیں گے، روہت شرما
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کو اٹھانے کی خواہش ظاہر کردی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا آغاز 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان اور یو اے ای میں ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ 19 فروری کو کھیلا جائے گا۔
روہت شرما نے کہا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے مجھے یقین ہے کہ جب ہم چیمپئنز ٹرافی کے لیے دبئی میں اتریں گے تو 140 کروڑ بھارتیوں کی خواہشات ہمارے ساتھ ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے اور چیمپئنز ٹرافی کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں لائیں گے۔
روہت شرما نے یہ گفتگو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 50ویں سالگرہ کی تقریبات کے دوران کہی، تقریب میں سچن ٹنڈولکر، سنیل گواسکر، اجنکیا رہانے اور روی شاستری بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹیم کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہے، کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کو بتا دیا گیا ہے کہ ٹیم کے کسی رکن کے لیے الگ گاڑی کا انتظام نہ کیا جائے۔