وزیراعظم، چیئرمین پی سی بی و دیگر کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر ساڑھے تین سال بعد پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے پر وزیراعظم، چیئرمین پی سی بی اور دیگر نے مبارک باد پیش کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے انگلینڈ کو ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دے کر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔ یہ قومی ٹیم کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ساڑھے تین سال بعد پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے۔
اس شاندار فتح پر وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور دیگر نے ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملتان ٹیسٹ جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’’ویلڈن ٹیم پاکستان‘‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ طویل عرصے بعد پاکستان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر کوئی ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف میچ میں پوری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ نعمان علی اور ساجد خان کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملتان ٹیسٹ میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے کے بعد ہوم ٹیسٹ میں جیت کا سہرا ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ ساجد خان اور نعمان علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔