امارات میں عید پر سونے کی خریداری بڑھ گئی
متحدہ عرب امارات میں گولڈ شورومز کے ذمہ داران نے کہا ہے کہ عید الفطر پر تحائف کی خاطر زیورات کی مانگ بڑھ گئی۔ نرخ کم ہونے کی وجہ سے بھی زیورات کی خریداری میں اضافہ ہورہا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق دکن جیولرز کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ’حالیہ ایام کے دورن سونے کے زیورات کی طلب بڑھی ہے اس کے دو بڑے سبب ہیں ایک تو یہ کہ عید الفطر کے موقع پر صارفین اپنے پیاروں کے لیے سونے کے تحائف خرید رہے ہیں دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ دنوں کے مقابلے میں سونے کے نرخ کم ہوئے ہیں علاوہ ازیں سیاح بھی عید شاپنگ کے لیے امارات پہنچے ہوئے ہیں انہوں نے بھی مارکیٹ میں ہلچل پیدا کی ہے‘۔
الفنان جیولرز کے انچارج نے کہا کہ ’حالیہ دنوں کے دوران زیورات کی طلب میں بہتری آئی ہے امید ہے کہ آئندہ دنوں میں طلب مزید بڑھے گی‘۔
ایک اور شوروم کے ذمہ دار نے بھی اسی قسم کے تاثرات دیے ہیں۔