شہباز شریف بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کے لئے برطانیہ روانہ ہوگئے
وزیراعظم شہباز شریف بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لئے برطانیہ روانہ ہوگئے، دورے کے دوران وہ نوازشریف سے بھی ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف بر طانیہ کے دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں وہ بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم دولت مشترکہ رہنماؤں کی کانفرنس میں شرکت سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف لندن میں نوازشریف سےبھی ملاقات کریں گے جبکہ 7مئی کو وطن واپس پہنچیں گے۔
یاد رہے برطانیہ روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ بادشاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے آج برطانیہ جا رہا ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات تاریخی ہیں اور دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے، برطانوی بادشاہ اور شاہی خاندان پاکستان کے عظیم دوست رہے ہیں۔