دبئی میں ادویات کی فراہمی کے لیے ڈرون متعارف
فقیہ یونیورسٹی ہسپتال مشرق وسطیٰ کا پہلا طبی مرکز ہے جس نے ادویات کی ترسیل کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 مئی 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ایک ہسپتال نے ادویات کی فراہمی کے لیے ڈرون متعارف کروا دیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی کے ایک معروف ہسپتال نے ڈرون کے ذریعے ایک مریض کو دوائیاں کامیابی سے پہنچا دی ہیں، ڈرون سروس ہنگامی صورتحال کے دوران ضرورت مندوں کو ضروری ادویات فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔
بتایا گیا ہے کہ فقیہ یونیورسٹی ہسپتال مشرق وسطیٰ کا پہلا طبی مرکز ہے جس نے ادویات کی ترسیل کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا، اس اقدام سے دور دراز علاقوں میں طبی رسائی میں بہتری آئے گی اور کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی، اس سلسلے کا کامیاب ٹرائل دبئی سلیکون اویسس (DSO) میں ہوا، یہ منصوبہ "ڈرون ٹرانسپورٹیشن کو فعال کرنے کے لیے دبئی پروگرام” کے اہداف سے ہم آہنگ ہے، جس کی نقاب کشائی ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد نے کی۔
معلوم ہوا ہے کہ فقیہ یونیورسٹی ہسپتال نے 10 کلومیٹر کے دائرے میں ٹرائل کیا، جس کے تحت سیڈرے ولاز میں ایک مریض کو دوا فراہم کی گئی، کامیاب تجربے پر ڈائریکٹر جنرل (DG) DSO ڈاکٹر جمعہ المطروشی نے کہا کہ DSO دبئی 2040ء ماسٹر پلان کے تحت علم اور اختراعی مرکز کے طور پر کام کررہا ہے اور یہ سمارٹ ٹیکنالوجی کے حل کی حمایت کے لیے مشہور ہے۔
اس موقع پر فقیہ یونیورسٹی ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ڈاکٹر فتح مہمت گل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صحت کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے اور ڈیجیٹلائزیشن کے حصول کی طرف ایک قدم ہے، ڈرون ڈیلیوری سروس زمینی نقل و حمل میں درپیش جغرافیائی رکاوٹوں کو بھی دور کرے گی، جس سے مریضوں کو مختصر وقت میں ادویات مل سکیں گی، نئے سسٹم میں کئی جدید خصوصیات ہیں جن میں اینٹی کولیشن سینسرز اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ شامل ہے۔