پاکستانی عازمین حج کیلئے 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت
حرم شریف آمد و رفت کیلئے حجاج کرام کو 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کردی گئیں
اسلام آباد/مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جون 2023ء ) پاکستانی عازمین حج کو 24 گھنٹے حرم ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستانی عازمین کو 24 گھنٹے حرم ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے، حرم شریف آمد و رفت کیلئے عازمین کرام کو فی الوقت 190 جدید ترین مسافر بسیں مہیا کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قبل از حج عازمین کی تعداد مکمل ہونے پر بسوں کی تعداد 360 تک پہنچ جائے گی، عازمین کرام کو عزیزیہ اور بطحہ قریش نامی بستیوں میں ٹھہرایا گیا ہے، مکہ مکرمہ میں عازمین کیلئے انتظامی اعتبار سے 9 رہائشی سیکٹرز قائم کیے گئے ہیں، حرم کے اطراف میں اجیاد، غزہ، جرول اور کدی کے مقامات پر بس سٹاپس بنائے گئے ہیں۔
ADVERTISING
ترجمان کا کہنا ہے کہ عازمینِ حج کی رہنمائی کیلئے حرم کے داخلی خارجی راستوں پر 28 حرم گائیڈز تعینات ہیں، نماز جمعہ کی ادائیگی کے وقت حج مشن کے دیگر شعبہ جات کے معاونین بھی حرم گائیڈ کی ڈیوٹی دیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور سے معلوم ہوا ہے کہ اب تک سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی عازمین حج کی تعداد 50 ہزار 603 ہوچکی ہے، مذہبی امور مکہ میں عازمینِ حج کی تعداد 35 ہزار 693 ہے، ان میں نجی سکیم کے 4 ہزار عازمین بھی موجود ہیں جب کہ اس وقت مدینہ منورہ میں موجود سرکاری عازمینِ حج کی تعداد 14 ہزار 910 ہے۔ دنیا بھرسے عازمین حج کی حرمین شریفین آمد کا سلسلہ جاری ہے، کئی ممالک سے آنے والے عازمین براہ راست مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں، اس حوالے سے سعودی عرب کی وزارت حج وعمر نے اعلان کیا ہے کہ اب تک 4 لاکھ 34 ہزار 980 ہزار عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے مسجد نبویﷺ اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی، حج آپریشن کی پہلی پرواز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر مدینہ منورہ کے پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2 لاکھ 71 ہزار 562 عازمین حج پہنچے، لینڈ امیگریشن سنٹر کے ذریعے 81 ہزار 194 عازمین حج سعودی عرب میں داخل ہوئے۔
بتایا گیا ہے کہ کئی ممالک سے آنے والے عازمین مدینہ منورہ پہنچے ہیں، ان میں انڈونیشیا کے عازمین کی تعداد سب سے زیادہ تھی، مدینہ منورہ پہنچنے والےانڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عازمین کی تعداد 89 ہزار 876 ہے، اس کے بعد بھارت سے آنے والے 44 ہزار 173 حجاج کرام شامل ہیں، جب کہ پاکستان سے اب تک 42 ہزار 838 عازمین حجاز مقدس پہنچے، الجزائر کے 28 ہزار 738 اور ایران سے 26 ہزار 695 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔