سعودی عرب میں جعلی حج مہم چلانے پر 3 غیرملکی گرفتار
سعودی عرب میں جعلی حج مہم چلانے پر 3 غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی پولیس نے مملکت میں مسلمانوں کے حج کے لیے فرضی مہم کو فروغ دینے کے الزام میں 3 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے، تین مصری باشندوں کو سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ سے سوشل میڈیا پر حج کے جعلی سفر کی تشہیر کرنے پر گرفتار کیا گیا، انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے جب کہ مملکت میں سکیورٹی ایجنسیوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے سفر کے بارے میں جعلی تشہیر کے بارے میں حکام کو رپورٹ کریں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مناسک حج ادا کرنے کے لیے بکنگ صرف منظور شدہ پلیٹ فارمز کے ذریعے کی جاتی ہے، بغیر اجازت نامہ کے حج کرنا ایک خلاف ورزی ہے، اس خلاف ورزی پر سسٹم حرکت میں آئے گا، سعودی عرب کے اندر سے مناسک حج ادا کرنے کے لیے ریزرویشن وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ اور نسک ایپلی کیشن کے ذریعے کی جارہی ہے، یورپ، امریکہ اور آسٹریلیا سے آنے والے عازمین حج نسک پلیٹ فارم کے ذریعہ بکنگ کرا سکتے ہیں جب کہ اسلامی ملکوں سے حج کی بکنگ حجاج کے لیے قائم ریزرویشن دفاتر سے کی جارہی ہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ جو لوگ اس سال 1444 ہجری کو سعودی عرب کے باہر سے حج کرنے کے خواہش مند افراد صرف حج ویزا کے ذریعے ہی سعودی عرب آکر مناسک حج ادا کرسکتے ہیں، وزٹ، سیاحت، ورک، ٹرانزٹ اور دیگر ویزے رکھنے والے افراد کو حج کے مناسک ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔وزارت کی طرف سے تاکید کی گئی ہے کہ عازمین حج 60 ہزار ریال سے زیادہ کی رقم ایئرپورٹ پر ظاہر کریں، اس میں غیرملکی کرنسی، تحائف، آلات، زیورات اور قیمتی اشیاء بھی شامل ہیں، اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک سے آنے والے عازمین پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے لیے مملکت پہنچنے پر اپنی 60 ہزار ریال سے زیادہ کی مالیت کی کرنسی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء ایئرپورٹ آمد پر ظاہر کریں۔
معلوم ہوا ہے کہ وزارت حج و عمرہ نے ضیوف الرحمٰن کے لیے ہوائی سفر کے دوران ممنوعہ سامان اپنے ساتھ لانے سے روکنے سے متعلق سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے 4 چیزیں ہمراہ لانے پر پابندی عائد کی ہے، وزارت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا مقدس سفر کرنے والے مسافروں سے کہا ہے کہ 4 اشیاء جو ہوائی جہاز میں سفر کرتے وقت ممنوع قرار دی گئی ہیں، ان میں درج ذیل سامان یا اشیاء شامل ہیں؛
(1) پلاسٹک کے تھیلے
عازمین حج اپنا سامان پلاسٹک کے تھیلوں میں نہ لائیں کیوں کہ پلاسٹک بیگ میں بھرا ہوا سامان جہاز میں لے جانا منع ہے، ایسا کرنے کی صورت میں حجاج کرام کو ایئرپورٹ پر پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا
(2) پانی کی بوتلیں اور کھلا مواد
عازمین حج کے لیے ضروری ہے کہ ان کے سامان میں پانی یا کوئی بھی بہنے والا مادہ نہ ہو، کیوں کہ ایئرپورٹ کا عملہ آپ کے سامان میں موجود پانی کی بوتلیں یا اس قسم کا دیگر مواد باہر نکال دے گا
(3) بے تربیت اور پیک نہ کیا گیا مواد
ایسا کوئی بھی سامان یا مواد جو صحیح طرح سے پیک نہ ہو یا جس کے اندر سے اشیاء باہر گرنے کا خطرہ ہو جہاز میں لے جانے سے کیا گیا ہے
(4) کپڑے میں لپٹا ہوا سامان
عازمین حج کپڑے میں لپیٹ کر اپنا کوئی بھی سامان ساتھ مت لائیں کیوں کہ ایسا کوئی بھی بیگ یا سامان جس کو کپڑے سے لپیٹا گیا ہو یا کپڑے کی بوری میں بھرا گیا ہوا ایسا سامان جہاز میں ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہے