ایلون مسک کا ٹوئٹر صارفین کے لیے ٹویٹس پڑھنے کی حد مقرر کرنے کا اعلان
دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے کہا ہے کہ صارفین کے ٹویٹس پڑھنے کی حد پر پابندی عائد کرنے جا رہے ہیں۔
ایلون مسک نے اتوار کو اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ابتدائی طور پر تصدیق شدہ اکاؤنٹس ایک دن میں 6 ہزار پوسٹس پڑھ سکتے تھے جبکہ غیرتصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے بھی حد مقرر کی جائے گی جو یومیہ 600 پوسٹس پڑھ سکیں گے جبکہ نئے غیرتصدیق شدہ صرف 300 پوسٹس تک محدود رہیں گے۔
جبکہ چند ہی گھنٹوں بعد ایک اور پوسٹ میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے یہ حد بڑھا کر 10 ہزار پوسٹس تک کر دی گئی ہے، غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس ایک دن میں ایک ہزار پوسٹس پڑھ سکیں گے جبکہ نئے غیرتصدیق شدہ اکاؤنٹس کو یومیہ 500 پوسٹس تک رسائی حاصل ہو گی
اس سے قبل ٹوئٹر نے اعلان کیا تھا کہ ٹویٹس پڑھنے یا دیکھنے کے لیے ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہوگا تاہم جمعے کو ایلون مسک نے کہا کہ ایسا صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں عارضی طور کیا گیا ہے۔
اس کی وجہ بتاتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ سینکڑوں ادارے یا اس سے بھی زیادہ ٹوئٹر سے مواد حاصل کرتے ہیں جس سے صارفین کے ٹوئٹر استعمال کرنے کے تجربے پر منفی اثر پڑ رہے ہیں۔