حزب اللہ کے شیبا فارمز کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل کا لبنان پر حملہ
حزب اللہ کی جانب سے متنازعہ شیبا فارمز میں تین اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل نے اتوار کو جنوبی لبنان میں توپ خانے سے گولہ باری کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فوری طور پر جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
سنیچر کو اسرائیلی قصبوں پر فلسطینی عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم 250 اسرائیلی ہلاک ہوئے، جبکہ اسرائیل کی غزہ میں جوابی بمباری سے 230 افراد مارے گئے۔
ایران کی حمایت یافتہ طاقتور مسلح جماعت حزب اللہ نے کہا کہ اس نے فلسطینی عوام کے ساتھ ’یکجہتی‘ کے طور پر شیبا فارمز میں تین اسرائیلی پوسٹوں پر گائیڈڈ راکٹوں اور توپ خانے سے حملہ کیا۔
اسرائیلی فوج نے اتوار کو کہا کہ ’آئی ڈی ایف (اسرائیل ڈیفنس فورسز) کا توپ خانہ اس وقت لبنان کے اس علاقے پر حملہ کر رہا ہے جہاں سے فائرنگ کی گئی۔‘
اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس کے ایک ڈرون نے شیبا میں حردؤو کے علاقے میں حزب اللہ کی ایک چوکی کو نشانہ بنایا۔
آئی ڈی ایف کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے بیان میں کہا کہ ’ فوج ہائی الرٹ پر ہے اور اس وقت ہردؤو یا شمالی میدان میں مزید کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘
اسرائیل نے 15 مربع میل (39 مربع کلومیٹر) پر مشتمل شیبا فارمز پر 1967 سے قبضہ کر رکھا ہے۔ شام اور لبنان دونوں کا دعویٰ ہے کہ شیبا فارمز لبنانی ہیں۔
جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن (یو این آئی ایف آئی ایل) نے کہا کہ اس نے ’جنوب مشرقی لبنان سے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے کی طرف داغے گئے متعدد راکٹوں کے بارے میں معلوم ہوا اور ساتھ ہی جواب میں اسرائیل کی طرف سے لبنان میں توپ خانے سے فائر کیا گیا۔‘
ترجمان آندریا تینینتی نے کہا کہ ’ہم بلیو لائن کے دونوں جانب کے حکام کے ساتھ تمام سطحوں پر رابطے میں ہیں، تاکہ صورتحال پر قابو پایا جا سکے اور مزید سنگین کشیدگی سے بچا جا سکے۔‘