اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاون کے باوجود ترسیلات زر میں اضافہ نہ ہو سکا
اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاون کے باوجود ترسیلات زر میں اضافہ نہ ہو سکا، ستمبر 2023 میں گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں ترسیلات زر میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق نگران حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ ملک میں ڈالر کی غیر قانونی لین دین اور اسمگلنگ، خاص کر حوالہ ہنڈی کے کاروبار کیخلاف شروع کیے گئے کریک ڈاون کے نتیجے میں ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔
تاہم اب اسٹیٹ بینک کی جانب سے ستمبر 2023 کے دوران موصول ہونے والی ترسیلات زر کے جاری کردہ اعداد و شمار مایوس کن قرار دیے جا رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بنک کرنسی کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف کریک ڈائون ستمبر کے دوران ترسیلات زر کو نمایاں طور پر بہتر کرنے میں ناکام رہا۔
مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ستمبر میں ماہانہ بنیادوں پر ترسیلات زر 25 فیصد بڑھنے کی توقع تھی، تاہم توقعات کے برعکس ترسیلات زر میں صرف 5 فیصد کا ماہانہ اضافہ دیکھا گیا، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں کروڑوں ڈالرز کی کمی ہوئی۔
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ترسیلات زر میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 20 فیصد کمی ہوئی ہے۔ مالیاتی شعبہ کرنسی کے غیر قانونی کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈائون کے مثبت نتیجے کے بارے میں پرامید تھا جبکہ بینکرز رپورٹ کر رہے تھے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے زیادہ رقوم بھیجی جا رہی ہیں، تاہم ستمبر میں ترسیلات زر 11 کروڑ 20 لاکھ ڈالر یا 5.3 فیصد اضافے کے بعد 2 ارب 20 کروڑ ڈالر رہیں، جو اگست میں 2 ارب 9 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
تاہم ستمبر میں گزشتہ برس کے اسی مہینے کے مقابلے میں ترسیلات زر 11.30 فیصد یا 28 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کم ہو گئیں۔ ترسیلات زر مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 19.8 فیصد یا 1.6 ارب ڈالر کی بڑی تنزلی کے بعد 6 ارب 32 کروڑ ڈالر رہ گئی ہیں، جو گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران 7 ارب 89 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ مالی سال 2023 میں ترسیلات زر 4 ارب 20 کروڑ ڈالرز کم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران تقریباً تمام ممالک سے ترسیلات زر کی آمد میں تنزلی ہوئی، سب سے زیادہ کمی متحدہ عرب امارات سے 30 فیصد یا ایک ارب 2 کروڑ ڈالر کی ریکارڈ کی گئی۔ امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب سے ترسیلات زر میں بالترتیب 11.6 فیصد (76 کروڑ 70 لاکھ ڈالر)، 13.2 فیصد (94 کروڑ 70 لاکھ ڈالر) اور 22 فیصد (ایک ارب 51 کروڑ ڈالر) کی کمی ہوئی