انسانی مصائب بڑھ گئے، غزہ کے لیے راہداری کھولی جائے: امارات
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے امدادی سامان غزہ پہنچانے کے لیے انسانی بنیادوں پر راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی صدر نے کہا کہ’ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے خطرات اور سنگین اثرات دن بدن دھماکہ خیز ہورہے ہیں خصوصا انسانی مصائب بڑھ رہے ہیں‘۔
انہوں نے فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا تاکہ کشیدگی کا دائرہ نہ پھیلے اور علاقائی امن و سلامتی خطرے میں نہ پڑ جائے۔
اماراتی صدر نے ریاض سربراہ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ’تمام شہریوں کی سلامتی، ان کا تحفظ اور کسی رکاوٹ کے بغیر غزہ میں امدادی و طبی سامان کی ترسیل کے لیے راہداریوں کا کھولنا اولین ترجیح ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’خطے میں جامع امن کی راہیں تلاش کرنے کے لیے مل کر کوششیں کرنا ہوں گی‘۔