اماراتی فضائیہ کے سربراہ کا ایئر ہیڈکوارٹرز کا دورہ، پاکستانی فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات
متحدہ عرب امارات کی ایئر فورس اور ایئر ڈیفنس کے سربراہ میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کی قیادت میں ایک اعلٰی سطح کے وفد نے جمعرات کو ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران اماراتی وفد نے پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بین الاقوامی تزویراتی صورت حال، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاکستانی فضائیہ کے دستے نے میجر جنرل سٹاف پائلٹ ابراہیم ناصر محمد العلاوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں پی اے ایف کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے ان کا تعارف بھی کروایا گیا۔
ترجمان پی اے ایف کے مطابق بعدازاں پاکستانی فضائیہ کے سربراہ نے وفد سے ملاقات کے دوران پی اے ایف کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے جاری مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کے ذریعے سائبر، سپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید ٹیکنالوجیز سے متعلق شعبوں میں آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
ایئر چیف مارشل نے فضائیہ کی آپریشنل ساخت، اس کے اہداف اور مستقبل کی عسکری صلاحیتوں کے حصول کے لیے جاری مختلف منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے منعقد کی گئی بین الاقوامی فضائی مشق انڈس شیلڈ میں متحدہ عرب امارات کے فضائی دستے کی شرکت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان بے مثال برادرانہ تعلقات کو اُجاگر کیا