190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کر لی ہے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ محفوظ کیا گیا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروقی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سنایا اور رہائی کے لیے ایک ملین کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
تاہم عدالت سے اس ریفرنس میں ضمانت اور رہائی کا حکم ملنے کے باوجود بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ سائفر اور نکاح عدت کیس میں انہیں دی جانے والی سزائیں تاحال معطل نہیں ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت خارج ہونے کے بعد اس فیصلے کے خلاف بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل سننے کے بعد گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
عدالت نے ابھی مختصر فیصلہ سنایا ہے۔ تفصیلی تحریری فیصلہ کچھ دیر میں جاری کیا جائے گا۔