سعودی ولی عہد نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ معاہدوں کی منظوری دے دی
ریاض : سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ توانائی اور انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھانے کے لیے دو طرفہ معاہدوں کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی زیرصدارت کابینہ اجلاس ہوا ، اجلاس کے دوران وزراء کی کونسل نے حکومت کے حالیہ اقدامات کا جائزہ لیا ، جن میں دوست ممالک کے ساتھ متعدد شعبوں میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی شراکت داری کو فروغ دینے اور علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششیں شامل ہیں۔
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے بتایا کہ اجلاس میں پاکستان کیساتھ توانائی،دہشت گردی کی روک تھام کیلئے دوطرفہ معاہدے کی منظوری دی گئی۔
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے بتایا سعودی وزیرتوانائی کو پاکستان سے توانائی معاہدے پر دستخط کرنے کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی۔
وزیر نے کہا کہ ولی عہد اور وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سعودی پبلک پراسیکیوشن ،پاکستانی انٹیلی جنس کے درمیان دہشت گردی اور اس کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے ایک معاہدے کی بھی منظوری دی گئی۔