پاکستان میں سرمایہ کاری: امارات کا 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان کے اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام ‘ کے مطابق اس بات کا اعلان ابوظبی کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔
پاکستان کے اقتصادی شعبوں کو ترقی دینے اور دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافے کے لیے سرمایہ کاری کے لیے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کو وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے ابو ظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم آفس پاکستان کے مطابق اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔