امارات میں یورپی سیاحوں کی آمد دن بدن بڑھنے لگی۔۔۔ جانیں اس موسم گرما میں کتنے ملین سیاح آرہے ہیں
متحدہ عرب امارات دبئی کے لیے اس سال یورپی سیاحوں کی بکنگ میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
الامارات الیوم نے ’فارورڈ کیز‘ کے حوالے سے بتایا کہ دبئی دنیا کے ان 10 سرفہرست سیاحتی مقامات میں شامل ہے جہاں موسم گرما کے دوران یورپی اور دیگر ممالک سےسیاح آتے ہیں۔
اس سال جولائی اور اگست میں موسم گرما کے عروج کے دوران یورپی سیاحوں کی بکنگ میں 11 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
فارورڈ کیز کا کہنا ہے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے یورپ سے دبئی کے سفر کے لیے ایئرلائن بکنگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اعدادوشمار میں مغربی یورپ کے ممالک شامل ہیں۔ موسم گرما کے دوران یورپ سے سفر میں اضافہ دیکھتے ہوئے کہہ سکتے ہیں کہ کورونا سے پہلے کی سطح تک پہنچ چکی ہے۔
دبئی کے محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے جاری اعدادوشمار کے مطابق جنوری سے اپریل 2024 تک دبئی آنے والے مغربی یورپ کے سیاح سرفہرست رہے۔ چار ماہ کے دوران ان کی تعداد 1.45 ملین رہی جو کل سیاحوں کا 22 فیصد ہے۔
رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ کے دوران دبئی آنے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 6.68 ملین رہی جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 6.02 ملین سیاح یہاں آئے تھے جو اس سال چار ماہ کے دوران11 فیصد زیادہ ہے۔