اسرائیلی جارحیت، لبنان میں چوبیس گھنٹوں میں 60 شہری شہید
بیروت: لبنان میں اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملے جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 60 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
الجزیرہ کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے چوبیس گھنٹوں میں 57 حملے کیے، لبنان کی وزارت صحت حکام کا جمعہ کو کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے فوجی مرکز کو نشانہ بنایا، جس میں دو لبنانی فوجی جان سے گئے۔
لبنانی وزیر اعظم نجیب مقاتی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے فوجیوں تک کو نہیں بخشا، اس جارحیت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی برادری کو کرادر ادا کرنا ہوگا۔
گزشتہ دو دنوں کے دوران جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن فوجیوں پر اسرائیلی حملوں اور ان کے زخمی ہونے کے واقعات پر فرانس، اٹلی، اسپین اور دیگر ممالک نے سخت رد عمل دیا اور ان حملوں کو بلاجواز قرار دے کر ان کی مذمت کی۔
لبنان کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 2,229 لبنانی مارے جا چکے ہیں، جب کہ اب تک 10,380 زخمی ہو چکے ہیں۔ کرائسس ریسپانس یونٹ نے بھی اسی 24 گھنٹوں کی مدت میں 57 ہوائی حملے اور گولہ باری کے واقعات ریکارڈ کیے، زیادہ تر جنوبی لبنان، بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں اور وادی بیکا میں کیے گئے تھے۔
ادھر 100 سے زائد ممالک نے ایک خط پر دستخط کیے ہیں جس میں اس اقدام کی مذمت کی گئی ہے جس میں اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو ’’ناپسندیدہ شخصیت‘‘ قرار دیا گیا تھا۔