ایرانی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی منظرعام پر آ گئے
ایرانی القدس فورس کے کمانڈر اسماعیل قاآنی پراسرار گمشدگی کے بعد منظر عام پر آ گئے انہیں تہران کے ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم ’القدس فورس‘ کے کمانڈر اسماعیل قاآنی کی پراسرار گمشدگی کے بعد منظر عام پر آ گئے ہیں اور انہیں دارالحکومت تہران کے مہر آباد ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔
ایرانی ٹیلی ویژن نے منگل کی صبح لبنان اور شام میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر عباس نیلفروشان کی میت کے استقبال کے مناظر نشر کیے۔
اسی دوران قاآنی تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے پر متعدد فوجی اور سویلین حکام کے ساتھ دکھائی دیے۔
ایک ایرانی صحافی نے اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر قدس فورس کے کمانڈر کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی اور ساتھ تبصرہ کرتے ہوئے "اب مہرآباد ہوائی اڈے پر” پر لکھا۔
واضح رہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی گزشتہ ماہ ستمبر کے آخر میں بیروت حملوں کے بعد سے گمنام تھے اور ایران کے دو سینئر سیکیورٹی حکام نے گزشتہ ہفتے روئٹرز کو بتایا تھا کہ ان کا کسی سے رابطہ نہیں ہوا تھا۔