شادی کا جھانسہ دے کر ٹرپپ کرنے والی ملزمہ شہریوں کو فون پر کیا کہہ کر بلاتی تھی؟ بڑا انکشاف
کراچی : ایس ایس پی انسداد اغواء برائے تاوان سیل انیل حیدر نے ہنی ٹریپر خاتون کے حوالے سے انکشاف کیا کہ ملزمہ لوگوں کو کہتی تھی تم آو گے تو میں تم سے شادی کروں گی۔
تفصیلات کے مطابق ہنی ٹریپر خاتون کی گرفتاری کے حوالے سے ایس ایس پی انسداد اغواء برائے تاوان سیل انیل حیدر نے بتایا کہ سندھ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹریپر خاتون کی گرفتاری ہوئی ہے جو رانو شر گروہ کے مشہور ڈکیت بدیل شر کے نکاح میں تھی۔
انیل حیدر کا کہنا تھا کہ ملزمہ ڈاکووں کے ساتھ مل کر شہریوں کو ٹریپ کرتی تھی، ملزمہ کا کام لوگوں کو کمشور اور گھوٹکی تک پہنچانا ہوتا تھا، لوگ ملزمہ سے ویڈیو کال پر بات کرتے تھے تو ان کو یقین آجاتا تھا۔
ایس ایس پی انسداد اغواء برائے تاوان سیل نے کہا کہ ملزمہ تانیہ لوگوں کو کہتی تھی تم آو گے تو میں تم سے شادی کروں گی تو لوگ اس جھانسے میں آکر جس جگہ یہ بتاتے اس جگہ پہنچ جاتے تھے۔
انیل حیدر نے مزید بتایا کہ جب یہ ملزمہ تانیہ کراچی آئی تو ڈاکووں نے اس کو ٹی سی ایس سے سم بھیجی، جس سے ملزمہ نے کراچی سے کچے کے ڈاکووں کی سہولتکاری کا کام شروع کیا، شر گروپ کے لیے کام کرنے پر ایک اور ڈاکووں کے گروپ نے بھی اس سے رابطہ کیا اوراپنے گروہ کے لیے کام کرنے کا کہا، ملزمہ پنجاب سندھ کے پی کے میں لوگوں سے رابطے میں تھی
ایس ایس پی نے انکشاف کیا کہ جس وقت اسے گرفتار کیا اس وقت لاہور کے ایک شخص کو ٹریپ کرچکی تھی لیکن اے وی سی سی پولیس نے لاہور کے شہری کو ڈاکووں کے چنگل میں جانے سے بچالیا تاہم گرفتار ملزمہ سے مذید تفتیش کا عمل جاری ہے۔