حزب اللہ سے جھڑپ میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک، متعدد زخمی
جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے، تازہ جھڑپوں کے دوران 5 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان میں جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں 5 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق گولانی بریگیڈ سے ہے اور ان میں ایک میجر اورایک کیپٹن بھی شامل ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 8 اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیل کو درد ناک صورتحال سے دوچار کریں گے، تاہم جنگ بندی کے مخالف بھی نہیں ہیں۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایک جاری بیان میں کہی، اپنی ایک ریکارڈ تقریر میں ان کا کہنا تھا کہ اس تصادم اور مسئلے کا حل سیز فائر ہی ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہم کمزور ہیں اس لیے جنگ بندی کی بات کر رہے ہیں، اگر اسرائیل جنگ بندی نہیں چاہتا تو ہم بھی جنگ جاری رکھیں گے۔