جبالیہ کیمپ پر اسرائیل کی بمباری، 44 فلسطینی شہید
غزہ اور لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے امریکا کی پشت پناہی میں خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جبکہ جبالیہ کیمپ اور مغازی کیمپ پر بمباری سے درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جبالیہ کیمپ پر اسرائیل کی بمباری سے 44 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ مغازی کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں 11 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔
شمالی غزہ میں ایمرجنسی سروسز کے سربراہ فارس افانہ نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی غزہ اسرائیلی بمباری کے بعد لاشوں کے قبرستان میں تبدیل ہوچکا ہے، سڑکوں پر کتے انسانی لاشیں کھا رہے ہیں۔
امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے فارس افانہ کا کہنا تھا کہ شمالی غزہ سے لائے جانے والے شہداء کی لاشوں پر جانوروں کے کاٹنے کے نشان موجود ہیں، جس سے لاشوں کی شناخت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
فارس افانہ نے امریکی ٹی وی سے ایک تصویر بھی شیئر کی، جس میں ایک کی لاش کو دکھایا گیا تھا، جسے کتے اپنی غذا بناچکے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں سے سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں اور لوگ بھوک سے مر رہے ہیں۔ شمالی غزہ کے علاقے جبالیہ کی صورتِ حال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔