ہاتھ میں چھڑی چہرے پر رومال، غزہ کے بچے یحییٰ سنوار کا انداز کاپی کرنے لگے
حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی اسرائیلی فورسز کے ساتھ مقابلے میں شہادت کے بعد غزہ کے بچے ان کا اسٹائل کاپی کرنے لگے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس کے رہنما یحییٰ سنوار غزہ میں اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، تو اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کی گئی ان کے آخری لمحات کی ویڈیو اور تصاویر نے انھیں مزاحمت کی علامت بنا دیا۔
ویڈیو میں چہرے پر رومال لپیٹے یحییٰ سنوار ایک مکان میں صوفے پر بیٹھے تھے، ان کا ایک بازو زخمی تھا، اور دوسرے میں ایک چھڑی تھام رکھی تھی، جسے انھوں نے ویڈیو بنانے والے اسرائیلی ڈرون پر پھینکا۔
یحییٰ سنوار کا یہ انداز غزہ میں بے حد مقبول ہو گیا ہے، اور غزہ کی بچے بھی یحییٰ سنوار کا یہ انداز اختیار کرنے لگے ہیں، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں غزہ کے بچے بھی کھیل کود میں ہاتھ میں چھڑی پکڑے اور چہرے پر رومال لپیٹے یحییٰ سنوار کا انداز اختیار کیے ہوئے ہیں۔
ایک بچہ اپنے تباہ شدہ گھر میں یحییٰ سنوار کے انداز ہی میں صوفے پر بیٹھا ہے، ہاتھ میں چھڑی پکڑ رکھی ہے اور اپنے چہرے پر رومال لپیٹ رکھا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے ایک آپریشن کے دوران غزہ میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو بدھ کے روز 16 اکتوبر کو شہید کر دیا تھا، دوران مزاحمت ان کی شہادت سے یہ بات بھی واضح ہو گئی کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے حماس رہنماؤں کے خلاف جھوٹ پھیلایا جاتا ہے کہ وہ عوام کو یرغمال بنا کر لڑتے ہیں۔