یحییٰ سنوار کو جس گھر میں شہید کیا گیا، اس کا مالک منظر عام پر آ گیا
غزہ کے علاقے رفح میں حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کو جس گھر میں شہید کیا گیا، اس کا مالک منظر عام پر آ گیا ہے۔
یحییٰ سنوار کی شہادت غزہ کے ایک مکان میں ہوئی ہے جہاں انھوں نے اسرائیلی فوجیوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، انھوں نے جس گھر میں شہادت پائی اس کی وائرل ویڈیو اور تصاویر سامنے آنے کے بعد اس مکان کے مالک نے بھی اسے پہچان لیا۔
اشرف ابو طہٰ نامی فلسطینی شہری نے سوشل میڈیا پر اپنے گھر کے حوالے سے بات کی، جس کے بعد ان کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، انھوں نے عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 15 سال سے اس مکان میں مقیم تھے اور اس سال مئی میں اسرائیلی بمباری کے باعث ہجرت کر گئے تھے۔
اشرف ابو طہٰ کے مطابق ان کا مکان رفح کے علاقے میں ابن سینا گلی میں واقع تھا، جس سے 6 مئی کو انھوں نے ہجرت کی کیوں کہ اسرائیل نے وہاں آپریشن شروع کر دیا تھا۔
ابو طہٰ نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے موبائل پر انھیں شیخ یحییٰ سنوار کا ویڈیو دکھا کر بتایا کہ یہ تو ہمارا گھر لگ رہا ہے، پہلے تو ہمیں یقین نہ آیا، لیکن پھر میرے بیٹے نے بھی تصدیق کی کہ یہ ہمارا ہی گھر ہے۔
مکان کے مالک کا کہنا تھا کہ انھیں یحییٰ سنوار کی شہادت پر بہت زیادہ دکھ ہے، لیکن وہ ان کے گھر آئے اور اسے عزت بخشی، اور جام شہادت بھی اسی گھر میں نوش کیا، اس سے یہ گھر قابل احترام اور معزز بن گیا ہے۔