’گالی دے گا؟‘ خواتین نے رکشہ ڈرائیور کی چپل سے پٹائی کردی
رکشہ ڈرائیور کے گالی دینے پر مشتعل خواتین نے چپل سے بیچ سڑک پر اسکی پٹائی کردی، دونوں پارٹیوں میں کرائے پر تکرار شروع ہوئی تھی۔
بھارتی شہر لکھنو کی سڑک پر اس وقت مجمع لگ گیا جب دو خواتین ایک رکشہ ڈرائیور کی پٹائی کرتی نظر آئیں، انھوں نے نہ صرف چپل سے رکشہ ڈرائیور کی زبردست پٹائی کی بلکہ تھپڑ اور گھونسوں کا بھی آزادنہ استعمال کیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
لکھنو میں امین آباد کے علاقے سے مذکورہ ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک خاتون نے رکشہ ڈرائیور کو گردن سے پکڑا ہوا ہے جبکہ دوسری خاتون اس پر تھپروں کی بارش کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
اس دوران ایک شخص جو واقعے کی ویڈیو بنارہا تھا رکشہ ڈرائیور اسے کہتا ہے کہ ہاں ہاں بنالو ویڈیو، اسی اثنا میں عورت اپنی دوسری ساتھی سے کہتی ہے کہ اب اسے تم مارو جبکہ دوسری خاتون رکشہ ڈرائیور سے چلاتے ہوئے کہتی ہے ’گالی دے گا؟‘
ویڈیو کے آخر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رکشہ ڈرائیور وہاں موجود آس پاس لوگوں سے درخواست کرتا ہے کہ پولیس کو بلائیں۔
لکھنو پولیس نے واقعے کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دنوں پارٹیوں کو امین آباد پولیس اسٹیشن طلب کرلیا جبکہ ان کا کہنا ہے کہ جو قصوروار ہوا اس کے خلاف کارروائی کی جائےگی۔