قیدی وینز پر حملے میں ملوث ملزمان کو مثالی سزا دی جائے گی، عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب پی ٹی آئی کے قیدیوں کی وینز پر حملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
عطا اللہ تارڑ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ تحریک انتشار کے کارکنان نے قیدی وینز پر حملہ کیا، گرفتار ملزمان کو اٹک جیل لے جایا جا رہا تھا ان کو فرار کرنے کی کوشش کی گئی، قیدی وینز پر حملہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا جس کی تیاری پہلے سے تھی۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 4 حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک پی ٹی آئی ایم پی اے کا بیٹا بھی شامل ہے، ملزمان سے 2 گاڑیاں اور اسلحہ بھی تحویل میں لیا گیا، حملے میں فرار ہونے والے 19 ملزمان کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملے پر پی ٹی آئی کی جانب سے جو ردعمل آیا ہے وہ مضحکہ خیز ہے، ٹول پلازہ کی ساری سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، پی ٹی آئی ترجمان کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو فرار کروانے کا منصوبہ ناکام رہا، ایم پی اے کے بیٹے کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ منصوبہ سازوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ یہ ایک ٹیسٹ کیس ہے جس میں ملزمان کو مثالی سزا دی جائے گی، تمام حملہ آوروں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملزمان 20 سے 25 تھے جن میں سے 4 کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی کی تلاش جاری ہے۔