حزب اللہ کے نئے سربراہ کا اسرائیل کو واضح پیغام

بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے نئے سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پہلے خطاب میں اسرائیل کو واضح پیغام دے دیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سربراہ حزب اللہ نعیم قاسم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں اسرائیل کو دفاع اور مزاحمت کا پیغام دیا۔
تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو میں نعیم قاسم نے اعلان کیا کہ آخر میں فتح ہماری ہی ہوگی۔ خطاب کے دوران ان کے پیچھے لبنان اور حزب اللہ کے جھنڈے اور شہید حسن نصر اللہ کی تصویر دکھائی دی۔
نعیم قاسم نے کہا کہ حسن نصر اللہ میرے لیے ایک بھائی کی طرح تھے جبکہ شہید ہاشم صفی الدین ایک ایسی شخصیت تھے جن پر حسن نصر اللہ بہت زیادہ بھروسہ کرتے تھے۔
انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی فوج سے براہ راست جھڑپ کے دوران شہید ہونے والے یحییٰ سنوار کو بہادری، مزاحمت اور آزاد لوگوں کی مثال قرار دیا۔
سربراہ حزب اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں مزاحمتی تنظیم حسن نصر اللہ کے مشن کو جاری رکھے گی اور اسی راستے پر چلتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ جنگ لڑتی رہے گی۔