فیصلہ کن کال ہے، تمام مطالبات کی منظوری تک یہ احتجاج جاری رہے گا، علی امین گنڈا پور

پشاور : وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ فیصلہ کن کال ہے، تمام مطالبات کی منظوری تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت پارٹی پارلیمنٹیرینز کا مشاورتی اجلاس ہوا، ہزارہ، ملاکنڈ، پشاور ، ساؤتھ ریجنز کے پارلیمنٹیرینز ودیگر پارٹی قائدین کے الگ اجلاس ہوئے۔
اجلاسوں میں 24 نومبر کے احتجاج کیلئے انتظامات اور لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی اور پی ٹی آئی قیادت نے 24 نومبر کے احتجاج کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 24نومبر کے احتجاج کی کال بانی پی ٹی آئی نے خود دی ہے، یہ فیصلہ کن کال ہے تمام مطالبات کی منظوری تک یہ احتجاج جاری رہے گا۔
علی امین کا کہنا تھا کہ احتجاج کامیاب بنانے کیلئے پورا زور لگانا ہے چاہے کچھ بھی ہو پیچھے نہیں ہٹنا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے ہدایت کی پارلیمنٹیرینز اورقائدین پارٹی تنظیموں،ورکرزاور عوام کو متحرک کریں اور یونین کونسلز کی سطح پر پارٹی کی ذیلی تنظیموں کیساتھ اجلاس منعقدکئےجائیں۔