خواجہ آصف نے گنڈاپور اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کی تصدیق کردی
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان رابطوں کی تصدیق کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پارلیمنٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے اس دوران ان سے پی ٹی آئی اور اسیٹبلشمنٹ میں مبینہ مذاکرات سے متعلق سوال کیا گیا۔
انہوں نے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گنڈاپور روز اول سے وفاق اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں، وہ جلوسوں سے غائب ہوکر برآمد ہوتے ہیں، وہ عمران خان کی مرضی سے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں ہیں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ کا لہجہ کیسا ہوسکتا ہے، جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ جلسے کی اجازت دی جاسکتی ہے وفاق پر حملہ آور ہونے کی نہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ احتجاج میں دو دن باقی ہیں بہت کچھ ہوسکتا ہے، بانی پی ٹی آئی صیہونی لابی کا بندہ ہے لیکن ان کی رہائی کی تاحال کوئی امکان نہیں، انہیں ریلیف ملنا ممکن نہیں ہے، پی ٹی آئی سرتوڑ کوششیں کررہی ہے کہ 24 نومبر کا احتجاج نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب راہ فرار ڈھونڈ رہی ہے، سیاسی وعسکری قیادت ملکی معاملات کو آگے لے کر جارہی ہے۔