پی ٹی آئی اور فیض حمید ایک سکے کے دو رُخ ہیں، وزیر دفاع
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ فیض حمید کے بغیر بانی پی ٹی آئی کی سیاسی پیدائش نہیں ہوسکتی تھی، پی ٹی آئی اور فیض حمید ایک سکے کے دو رُخ ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے جس ملک کے بارے میں بیان دیا وہاں کی گھڑی لے کر انہوں نے کاروبار کیا۔ تحریک انصاف کے بعض لوگ نہیں چاہتے کہ ان کے بانی چیئرمین رہا ہوں، پی ٹی آئی سے حکومت کا کوئی رابطہ نہیں نا ہی مذاکرات ہورہے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات ہیں، پاکستان کے 28 لاکھ شہری سعودی عرب میں کام کرتے ہیں، کل اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے انتہائی گھٹیا اور غلیظ حرکت کی گئی، پاکستان کو ملنے والی ترسیلات زر کا سعودی عرب سے براہ راست تعلق ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں مسلسل خون ریزی ہو رہی ہے، خیبر پختون خوا کے وزیراعلی کو دہشت گردی پر حملہ آور ہونا چاہیے لیکن وہ ہر چوتھے دن وفاق پر چڑھ دوڑتے ہیں اور ملک کی معیشت پر حملہ آور ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں اتنی پستی پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی، بھٹو اور شریف خاندان کو سیاسی وراثت کا طعنہ دینے والوں کے ہاں نہ صرف موروثی سیاست ہو رہی ہے بلکہ ورثا میں لڑائی بھی ہو رہی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں نند اور بھابھی کا جھگڑا چل رہا ہے پی ٹی آئی میں تین خواتین ایک طرف اور بشری ی بی ایک طرف ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت نے مذہبی اور اخلاقی طور پر دیوالیہ پن کا مظاہرہ کیا۔