امریکا کی مغربی ریاستوں میں بم سائیکلون سے تباہی، واشنگٹن میں بجلی منقطع
واشنگٹن: امریکا کی مغربی ریاستوں میں ’بم سائیکلون‘ سے تباہی پھیل گئی ہے، 2 افراد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی مغربی ریاستوں میں بم سائیکلون نامی طاقت ور طوفان نے تباہی مچا دی ہے، مختلف حادثات میں دو افراد ہلاک ہو گئے، واشنگٹن میں 6 لاکھ گھروں کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔
انٹرنیٹ سروس بھی بند ہو گیا ہے، ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہوا، نیشنل ویدرسروس نے منگل سے جمعہ تک شدید بارش کی پیش گوئی کر رکھی ہے، ماہرین کو خدشہ ہے کہ کیلیفورنیا سمیت ساحلی ریاستوں کو بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، برف باری کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
اس طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کا نام اس لیے دیا گیا ہے کیوں کہ یہ بہت مختصر وقت میں نہایت سرعت سے شدت اختیار کر لیتا ہے، یہ طوفان بدھ کے روز اوریگون، واشنگٹن اور کیلیفورنیا میں 80 کلو میٹر فی گھنٹہ (50 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے زیادہ بارش اور ہوائیں لے کر آیا۔
نیوز رپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں ایک خاتون اس وقت ہلاک ہو گئی جب ایک درخت بے گھر لوگوں کے کیمپ پر گرا، اور دوسری خاتون سیاٹل کے مشرق میں اس وقت ہلاک ہو گئی جب ایک درخت اس کے گھر پر گرا۔ اس طوفان کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں مضبوط درخت بھی جڑوں سے اکھڑ کر سڑکوں یا گھروں پر گرے، اور بڑی تعداد میں کاریں اور بسیں ان کی زد پر آئیں، بجلی کی لائنوں کو بھی اس سے شدید نقصان پہنچا ہے۔