اسرائیل کی لبنان میں خون کی ہولی، 47 افراد شہید، درجنوں زخمی
اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے مشرق میں واقع بعلبیک کے مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں 47 افراد شہید جبکہ 22 زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بعلبیک-ہرمل کے گورنر بشیر حضر نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے بعلبیک کے کئی علاقوں پر بمباری کی ان حملوں میں 47 افراد شہید جبکہ 22 شدید زخمی ہوگئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ملبے تلے تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے شام کے شہر تدمر میں فضائی حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 79 افراد جاں بحق ہوگئے، فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں میں بعض کا تعلق ایرانی حمایت یافتہ تنظیم سے ہے۔
شامی مانیٹرنگ گروپ کے مطابق گزشتہ روز تدمر شہر میں اسرائیلی فضائی حملہ کیا، حملے میں جاں بحق 79 افراد میں 53 شامی، 22 غیرملکی اور 4 حزب اللہ کے حمایتی جنگجو شامل تھے۔
شامی مانیٹرنگ گروپ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ایرانی حمایت یافتہ گروپوں کے اجلاس کو نشانہ بنایا تھا۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ شامی حکام نے تدمر میں اسرائیلی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 36 بتائی ہے۔