کل اسکولز بند رکھنے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج اور جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں داخلی اور خارجی راستوں کی بندش کے باعث کل بروز پیز تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اسلام آباد پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کی جانب سے کل اسکولز بند رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصلہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
ادھر، ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی اداروں پر ہوگا۔
پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور اور فیصل آباد سے وفاقی دارالحکومت کو آنے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ فیض آباد فلائی اوور پر کنٹینر کی دیواریں لگا دیں گئی جبکہ جگہ جگہ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
مری روڈ مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ موٹروے، روات، ٹی چوک ٹیکسلا، مارگلہ مندرہ، مری گلیات روڈ، مری ایکسپریس وے، ہزارہ ایکسپریس وے پنجاب سے ملنے والی شاہراہ کو بھی بند کر دیا گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کی تمام رابطہ سڑکوں کو مکمل سیل کیا جائے گا، جڑواں شہروں کو 33 مقامات سے بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔