بیلاروس کا 68 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا
اسلام آباد: بیلاروس کا 68 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اہم دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا جس کا پرتپاک استقبال وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی و دیگر حکام نے کیا۔
دوست ملک کے وفد میں وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر صنعت، وزیر عدل و انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات، چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی اور 43 بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔
محسن نقوی نے بیلاروسی وزیر خارجہ میکسم ریجنکوف اور وزیر توانائی سے ملاقات کی اور کہا کہ وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام صدر الیگزینڈرلوکاشینکو کی آمد کے منتظر ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ صدر بیلاروس کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہمیت کا حامل ہے، پاکستان دوست ملک کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تعلقات کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دورے سے دونوں ممالک میں صنعتاور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔
پی ٹی وی کے مطابق بیلاروسی وفد کی قیادت ان کے وزیر خارجہ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے وفد کا استقبال کیا۔ یاد رہے کہ دوست ملک کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر کل پاکستان پہنچیں گے۔