پی ٹی آئی مظاہرین کیخلاف کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار
اسلام آباد: پی ٹی آئی کے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کرلی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈی چوک تک پہنچنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، ڈی چوک کے اطراف سیکٹرز میں قائم تمام مارکیٹس کو انتظامیہ نے بند کروادیا ہے۔۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ میلوڈی، بلیو ایریا، آبپارہ، ایف 6 اور ایف 7 کی مارکیٹیں سیل کردی گئیں۔
رات کو مظاہرین کے خلاف بڑے آپریشن کی منصوبہ بندی جاری ہے، آئی جے پی روڈ، اسلام آباد کے اہم داخلی و خارجی راستے خالی کروانے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل بھی تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، موجودہ صورتحال کے پیش نظر 27 نومبر کو تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج اور مظاہرین کی آمد کے پیش نظر ڈی چوک اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جب کہ ڈی چوک کی طرف بڑھنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔