کراچی میں جرائم پیشہ افراد کی جدید سائنسی طریقے سے 24 گھنٹے نگرانی
کراچی : شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کے خطرناک حد تک اضافے کے پیش نظر سندھ پولیس نے ہزاروں مجرموں پر نظر رکھنے کیلئے ان کو الیکٹرونک ٹیگنگ ڈیوائس (ای ڈیوائس) لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن برانچ عامر فاروقی نے اس جدید نظام نصب کرنے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دیکھا گیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ملوث ذیادہ تر مجرمان اپنی سزا مکمل کرنے یا ضمانت کے بعد دوبارہ وارداتیں کرنا شروع کردیتے ہیں جن پر نظر رکھنے کیلئے ای ٹیگنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ای ٹیگنگ ڈیوائس کے ذریعے نگرانی کا ایک ٹول ہے اور اسے کسی ایسے مجرم یا مشتبہ مجرم کے جسم میں نصب کیا جاسکتا ہے جو ضمانت یا پیرول پر ہے۔
اس اقدام کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ایسے مجرموں کی مؤثر نگرانی اور شہری علاقوں پر توجہ دینا ہے تاکہ اسٹریٹ کرائمز کی لعنت کو روکا جاسکے۔