روس نے حلب میں جنگجوؤں پر فضائی حملے شروع کر دیے
حلب: شام کے شہر حلب پر عسکریت پسندوں کے قبضے کے بعد روس نے جنگجوؤں پر فضائی حملے شروع کر دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی فضائیہ نے شامی فوج کی مدد کے لیے حلب میں عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا ہے۔
شامی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں عسکریت پسندوں کے کمانڈر ان چیف ابو محمد الجولانی سمیت درجنوں جنگجو مارے گئے ہیں، گزشتہ روز عسکریت پسندوں نے حلب کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور وہ دمشق کی جانب پیش قدمی کر رہے تھے۔
صدر بشار الاسد نے دہشت گردوں کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا، سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق لڑائی میں 337 افراد مارے جا چکے ہیں، جن میں زیادہ تر جنگجو ہیں۔ شامی فوج نے ہفتے کو کہا کہ حیات تحری الشام کے باغیوں کے بڑے حملے میں اس کے درجنوں فوجی مارے گئے ہیں۔
حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) جسے کبھی نصرہ فرنٹ کے نام سے جانا جاتا تھا، کو امریکا، روس، ترکی اور دیگر ریاستوں نے دہشت گرد گروپ قرار دیا ہے، حلب پر قبضہ کر کے اس نے صدر بشار الاسد کو سب سے بڑا چیلنج دے دیا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت نے فوج کودوبارہ تعینات کر دیا ہے۔
واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ وہ صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔