نرسوں کے باتھ روم میں خفیہ کیمرہ نصب کرنے والا ڈاکٹر گرفتار
بھارتی ریاست تمل ناڈو کے شہر پولاچی میں ڈاکٹر کو نرسوں کے باتھ روم (بیت الخلا) میں خفیہ کیمرہ نصب کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پولیس نے پولاچی جنرل اسپتال کے 33 سالہ ٹرینی ڈاکٹر وینکٹیش کو گرفتار کیا جس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
ملزم وینکٹیش کرشنا گری کے اتھنگرائی کے پاس پنمارتھوپٹی کا رہائشی ہے۔ وہ کوئمبٹور میڈیکل کالج اینڈ اسپتال (سی ایم سی ایچ) میں ایم ایس آرتھو کے تیسرے سال کی تعلیم حاصل کر رہا ہے اور اس نے 3 ماہ کی تربیت کیلیے پولاچی جی ایچ کا انتخاب کیا۔
مذکورہ واقعہ جمعرات کی دوپہر کو اُس وقت منظر عام پر آیا جب اسپتال کی ایک نرس نے دیکھا کہ خفیہ کیمرہ ربڑ بینڈ میں لپٹا ہوا ٹوائلٹ برش میں نصب ہے۔
نرس نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اے راجہ کو مطلع کیا تو انہوں نے اسپتال کے آر ایم او ماریموتھو اور وینکٹیش کو بیت الخلا کی جانچ کرنے کی ہدایت دی۔
لیکن اس سے قبل ہی ملزم نے خفیہ کیمرہ نکال کر اس میں موجود تصاویر اور ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں تاکہ کوئی ثبوت باقی نہ رہے۔ سپرنٹنڈنٹ راجہ نے پولاچی ایسٹ تھانے میں شکایت کی جس کے بعد پولیس حکام تحقیقات کیلیے اسپتال پہنچے۔