ابوظبی حکومت نے بہت بڑا اعلان کر دیا، اب ایکسپائرڈ ویزے والے بھی ویکسین لگوا سکیں گے

متحدہ عرب امارات میں کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ اس موذی وبا کا مملکت سے جلد از جلد خاتمہ ہو سکے۔ اب اماراتی ریاست ابوظبی نے بڑا اعلان کر دیا ہے جس سے لاکھوں تارکین کو فائدہ پہنچے گا۔ ابوظبی حکومت نے ایکسپائرڈ رہائشی اور انٹری ویزہ رکھنے والوں کو بھی ویکسین لگوانے کی سہولت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی نے منظوری دے دی ہے کہ اب کوئی بھی ایکسپائرڈ رہائشی ویزہ ہولڈر یا ایکسپائرڈ انٹری ویزہ ہولڈر بھی ویکسین لگوا سکے گا تاکہ اس کی زندگی اور صحت کو کورونا سے خطرات لاحق نہ ہوں۔ یہ اجازت کورونا وبا کے باعث پیدا ہونے والے حالات کے لیے خصوصی طور پر دی جا رہی ہے۔ جو ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کورونا کی فری ویکسین لگوانا چاہتے ہیں وہ کسی بھی ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر اپنی رجسٹریشن کروانے کے بعد ویکسین لگوا سکیں گے۔

واضح رہے کہ ابوظبی حکومت نے ریاست میں مقیم تمام افراد پر ایک بڑی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے تحت صرف وہی افراد شاپنگ مالز، سپر مارکیٹس، ہوٹلز، جمز، پبلک پارکس، ساحلی مقامات، نجی ساحلی مقامات، سوئمنگ پولز، تفریحی مقامات، سینما گھروں، میوزیمز، ریسٹورنٹس اور کیفیز میں داخل ہو سکیں گے جن کے الحوسن ایپ پر گرین پاس ظاہر ہوگا۔ گرین پاس نہ رکھنے والے ان مقامات میں داخل ہونے سے روک دیئے جائیں گے۔ یہ حکمنامہ 15 جون بروز منگل سے لاگو ہو جائے گا۔

ابوظبی ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ پابندیاں 16 سال اور اس سے زائد عمر کے افرادپر لاگوہوں گی۔ الحوسن ایپ پر کسی شخص کا گرین پاس اس کے ویکسی نیشن اور پی سی آر ٹیسٹ کی مُدت کے کارآمد ہونے کی بناء پر جاری کیا جائے گا۔ امارات میں کورونا پابندیوں میں رعایت دینے کے لیے الحوسن ایپ پر گرین پاس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے الحوسن ایپ پر تین کلر کوڈز متارف کرائے گئے ہیں جو کورونا پی سی آر ٹیسٹ کے کارآمد ہونے کی مُدت کو ظاہر کریں گے۔ گرین پاس کسی شخص کے ویکسین سٹیٹس اور پی سی آر ٹیسٹ کے کارآمد ہونے کی مُدت کو ظاہر کرے گا۔

Source: Khaleej Times

Show More

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!