دبئی ایئرپورٹ پر جدید سہولت متعارف کروانے کی تیاری
متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی سے سفر کرنے والے مسافر مستقبل قریب میں بغیر دستاویزات کے سفر کر سکتے ہیں، چیک ان کاؤنٹرز پر مسافروں کی تصاویر لی جائیں گی اور ان کے چہرے کو اسکین کیا جائے گا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی میں ٹیکنالوجی نمائش Gitex میں شریک ایمارا ٹیک (Emaratech) میں چیک ان سروس کے پروڈکٹ مینیجر احمد بہا نے کہا کہ "جب کوئی مسافر ہوائی اڈے پر پہنچتا ہے تو ہمارے پاس ان کا ڈیٹا سامنے ہوتا ہے، ہم اپنے سسٹم میں ان کی فلائٹ اور ویزہ کی تفصیلات رکھیں گے، چیک ان کاؤنٹر پر مسافروں کو ایک منظم عمل سے گزرنا ہوگا جہاں ان کی تصاویر لی جائیں گی اور ان کے چہرے کو اسکین کیا جائے گا، ان کا جامع سفری پروگرام اور معلومات فراہم کی جائیں گی اور انہیں اپنا سامان چیک کرنے میں سہولت فراہم کی جائے گی”۔
انہوں نے بتایا کہ "مسافروں کی تصاویر سفر کے پورے تجربے میں استعمال کی جائیں گی، جب وہ امیگریشن پہنچیں گے تو کاؤنٹر پر جانے کی بجائے وہ براہ راست سمارٹ گیٹ کی طرف جا سکیں گے، جہاں انہیں کوئی سفری دستاویزات پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ان کی تصویر اور چہرے کی شناخت وہ تمام ثبوت ہیں جن کی ضرورت ہوتی ہے، امیگریشن کاؤنٹر سے گزرنے کے بعد مسافر ڈیوٹی فری جاسکیں گے، جہاں ان کے چہرے کی شناخت اور بائیو میٹرکس ان کی شناخت کی تصدیق کریں گے، بورڈنگ گیٹ پر بھی ایسا ہی ہوگا، جب تک آپ کا سکیورٹی چیک واضح ہے اور آپ کے ویزوں کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے تو دبئی ایئرپورٹ سے باہر جانے والے لوگوں کے لیے سفر ایک کیک واک ہوگا”۔
احمد نے مزید کہا کہ "دبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے لیے اسمارٹ گیٹ پہلے سے ہی موجود ہے، تاہم چیک ان اور بورڈنگ گیٹ کے لیے ہم ابھی بھی ایمریٹس ایئرلائنز، دبئی ایئرپورٹ اور امیگریشن حکام کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں، اس کے لیے متعدد معاہدوں اور بہت سے چیک اینڈ بیلنس کی ضرورت ہوگی اس لیے ہم ابھی تک اس پر کام کر رہے ہیں اور اسے حقیقت بنانے کے لیے درکار تمام ہارڈ ویئر اور سسٹم فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں، ہم نے اسے مسافروں کے لیے ایک ہموار تجربہ بنانے کے لیے تمام امور پر کام کیا ہے، ہمیں امید ہے آپ اسے جلد ہی ہوائی اڈوں پر دیکھ سکیں گے”۔