امارات میں وزٹ ويزہ پر آئے پاکستانی ہوشیار۔۔۔ حکام نے قوانین میں بڑی تبدیلی کر دی
دبئی کے وزٹ ویزا قوانین میں تبدیلی کرتے ہوئے رعایتی مدت ختم کر دی گئی، پرمٹ کی میعاد ختم ہوتے ہی جرمانہ لاگو ہوگا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی کے کال سینٹر کے ایگزیکٹو نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کہیں بھی جاری کیے گئے وزٹ ویزوں کے لیے کوئی رعایتی مدت نہیں ہے، اس لیے دبئی میں جاری کیے گئے وزٹ ویزوں کے لیے متحدہ عرب امارات سے باہر نکلنے کی رعایتی مدت اب لاگو نہیں ہوگی۔
ٹریول ایجنٹس نے اپنے کلائنٹس کے ساتھ نئی ہدایت کے بارے میں نوٹس شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اب کوئی رعایتی مدت نہیں ہے، وزٹ ویزا پر دبئی میں داخلے کی تاریخ سے قیام کی مدت ویزا کی قسم (30 دن یا 60 دن) کے مطابق ہے۔
اس حوالے سے عربین بزنس سینٹر، آمر سینٹر شیخ زید روڈ، کے آپریشن مینیجر فیروزخان نے کہا کہ دبئی کے علاوہ تمام امارات پہلے ہی وزٹ ویزوں کے لیے 10 دن کی رعایتی مدت ختم کرچکی ہیں، رعایتی مدت صرف دبئی میں جاری کردہ ویزوں پر لاگو ہوتی تھی تاہم 15 مئی سے دبئی میں بھی حکام نے رعایتی مدت ختم کر دی ہے، جس کا مطلب ہے کہ وزیٹر یا سیاح کو اپنے ویزے کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ملک سے باہر نکل جانا چاہیے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں اوور اسٹے جرمانہ لاگو ہوگا۔
فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سکیورٹی (ICP) کے ایک کال سینٹر ایگزیکٹو نے بھی تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کہیں بھی جاری کیے گئے وزٹ ویزوں کے لیے کوئی رعایتی مدت نہیں ہے، دستاویز کی میعاد ختم ہوتے ہی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔