امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ۔۔۔ حکام نے 3 ماہ کا وزٹ ویزہ دوبارہ متعارف کروا دیا
متحدہ عرب امارات کی جانب سے 3 ماہ کا وزٹ ویزہ دوبارہ متعارف کروا دیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق تین ماہ یا 90 دن کا ویزا گزشتہ سال کے آخر میں ختم کر دیا گیا تھا اور طویل مدت کے لیے ملک کا دورہ کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے 60 دن کا ویزا متعارف کرایا گیا تھا، تاہم اب فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی (ICP) کے ایک کال سینٹر ایگزیکٹو نے کہا ہے کہ جو لوگ 90 دنوں کے لیے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے کے خواہشمند ہیں وہ اس موقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، اس کے لیے انہیں اپنے ٹریول ایجنٹس سے مشورہ کرنا چاہیئے جو 90 دن کا وزٹ ویزا جاری کرنے میں ان کی مدد کریں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ 3 ماہ کا وزٹ ویزہ مئی 2023 کے آخر میں دوبارہ متعارف کرایا گیا، جس سے وزیٹرز کو متحدہ عرب امارات میں 90 دن تک رہنے کی اجازت دی گئی ہے، سروس فراہم کرنے والے کی بنیاد پر اضافی قیمت پر ویزہ ملک کے اندر قابل توسیع بھی ہے۔
روہ ٹورازم ایل ایل سی کے سیلز ڈائریکٹر لیبن ورگیز نے کہا کہ رہائشی اس تین ماہ کے ویزا سے واقف نہیں ہیں جسے حکام نے دوبارہ متعارف کرایا ہے، کوئی بھی اس ویزا کے لیے درخواست دے سکتا ہے اور یہ دبئی اور ابوظہبی کے لیے کارآمد ہے، فی الحال ہمیں اس کے بارے میں زیادہ انکوائری نہیں ملی ہے اور جو وزیٹرز ملک میں داخلے کے اس اجازت نامے کو ترجیح دیتے ہیں وہ ان کے خاندان کے افراد ہیں جو متحدہ عرب امارات میں پہلے سے مقیم ہیں، کیوں کہ وہ زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں، مثال کے طور پر اگر کوئی بچہ جو اپنے آبائی ملک میں تعلیم حاصل کر رہا ہے چھٹیوں کے دوران یا کسی رہائشی کے والدین تین ماہ کے وزیزہ پر یو اے ای کا دورہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 90 دن کے وزٹ ویزا کی فیس آپ کے جاری کرنے والے سفری ماہر کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے، جس کی ابتدائی قیمت 1,500 درہم ہے اور یہ 2,000 درہم تک جا سکتی ہے، جسے ملک کے اندر بھی بڑھایا جا سکتا ہے، ابھی اس وقت توسیع کی صحیح تفصیلات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے کیوں کہ یہ ویزہ کچھ دن پہلے ہی دوبارہ متعارف کرایا گیا ہے، اگر کوئی تین ماہ کے اس وزٹ ویزہ کے لیے اپلائی کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے حالیہ پاسپورٹ سائز رنگین تصویر اور پاسپورٹ کاپی کی ضرورت ہے اور ایک بار جب کوئی شخص اس نئے متعارف کردہ ویزہ کے لیے اپلائی کرتا ہے تو ویزہ جاری ہونے میں 5 کاروباری دن لگ سکتے ہیں لیکن ہم اسے دو دن میں بھی حاصل کرسکتے ہیں۔