نیتن یاہو نے ’قتل کرنے کی کوشش‘ کی ذمہ داری ایران پر ڈال دی
تل ابیب: اسرائیل کے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے ڈرون حملے کے ذریعے ’قتل کرنے کی کوشش‘ کی ذمہ داری ایران پر ڈال دی۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے شمالی شہر قیصریہ میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے والے ڈرون حملے کے چند گھنٹے بعد نیتن یاہو نے ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ ’’ایران کی پراکسی حزب اللہ کی جانب سے مجھے اور میری اہلیہ کو قتل کرنے کی کوشش ایک سنگین غلطی تھی۔‘‘
انھوں نے بیان میں کہا ’’میں ایران اور اس کے پراکسیوں اور اس کے برائی کے محور سے کہتا ہوں، جو بھی اسرائیل کے شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔‘‘
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بیان کے جاری ہونے کے فوراً بعد نیتن یاہو کے قریبی سفارتی ذرائع نے بھی ایران پر الزام عائد کیا کہ انھوں نے نیتن یاہو کے خلاف قاتلانہ حملہ کیا ہے، اور کہا کہ اس حملے پر جوابی کارروائی کی جائے گی۔
خطہ اس وقت سخت کشیدگی کی لپیٹ میں ہے، کیوں کہ یکم اکتوبر کو اسرائیل پر بڑے اور وسیع ایرانی میزائل حملے کے بعد دنیا اسرائیلی رد عمل عمل کا انتظار کر رہی ہے، ایسے میں نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ کیا گیا۔
ایسے میں ایران پر اسرائیلی حملے کی تیاری کی خفیہ معلومات لیک ہو گئی ہیں اور یہ خفیہ معلومات مڈل ایسٹ اسپیکٹیٹر نامی ٹیلیگرام اکاؤنٹ پر شائع کی گئی ہیں۔ ایران پر حملے کی اسرائیلی تیاریوں کے بارے میں دو مبینہ امریکی انٹیلی جنس دستاویزات کے شائع ہونے کے بعد سیکیورٹی کی بڑی خلاف ورزی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور اس حوالے سے امریکی حکام انتہائی فکر مند ہو گئے ہیں۔